ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کا ریجنل ٹریفک پولیس دربار سے خطاب
ایبٹ آباد(بولونیوز)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی نے ریجنل ٹریفک پولیس دربار میں شرکت کرتے ہوئے ٹریفک پولیس افسران و اہلکاروں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔پولیس لائنز ایبٹ آباد میں منعقدہ اس دربار میں ٹریفک پولیس خیبرپختونخوا کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی، جہاں مختلف مسائل اور تجاویز ڈی آئی جی ہزارہ کے سامنے پیش کی گئیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قواعد و ضوابط کے مطابق تمام مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے۔
دربار سے خطاب کرتے ہوئے ناصر محمود ستی نے کہا کہ آئی جی خیبرپختونخواہ ذوالفقار حمید کا ویژن پولیس سہولت مراکز اور ٹریفک پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس محکمہ پولیس کا چہرہ ہے اور اس کا مثبت کردار ادارے کی ساکھ کو بہتر بناتا ہے۔ افسران کو چاہیے کہ وہ ڈیوٹی کے دوران شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، صبر و تحمل اور احترام کا مظاہرہ کریں۔
ڈی آئی جی ہزارہ نے کہا کہ سیاحتی سیزن کے دوران ہزارہ ریجن میں بڑی تعداد میں سیاح آتے ہیں، لہٰذا ٹریفک پولیس کو چاہیے کہ وہ سیاحوں کے ساتھ بہترین رویہ اختیار کرے، ان کی رہنمائی کرے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاحوں کے ساتھ اچھا برتاؤ نہ صرف علاقے کی ساکھ بہتر بناتا ہے بلکہ ملک اور محکمہ پولیس کے لیے بھی باعث فخر ہوتا ہے۔
اس موقع پر ڈی آئی جی ہزارہ نے ٹریفک پولیس کی جانب سے لگائے گئے مختلف سٹالز کا بھی معائنہ کیا جن میں پہچان ایپ، ایجوکیشن یونٹ، شاہین اسکواڈ، فرسٹ ایڈ یونٹ اور دیگر سہولتی اقدامات شامل تھے۔ انہوں نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے مزید بہتری کی ہدایات جاری کیں۔


