سعودی ولی عہد کا پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ دینے کا اعلان
اسلام آباد(بولونیوز)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کی مالی معاونت بطور ڈپازٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جسے دونوں ممالک کے قریبی اور برادرانہ تعلقات کا اہم اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنا اور معاشی دباؤ میں کمی لانا ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی وزیر خزانہ نے حالیہ دنوں میں پاکستان کا دورہ کیا اور پاکستانی قیادت کو اس فیصلے سے متعلق باضابطہ آگاہ کیا۔
بتایا گیا ہے کہ ایک دوست خلیجی ملک کی جانب سے 3 ارب ڈالر کی واپسی کے باعث پیدا ہونے والے مالی خلا کو پورا کرنے کے لیے سعودی عرب نے یہ قدم اٹھایا ہے۔حکام کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں پہلے ہی سعودی عرب کے 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹس موجود ہیں، اور یہ نیا اعلان پاکستان کے مالی استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی قیادت نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سعودی عرب کے اس “خصوصی اور غیر معمولی اقدام” پر شکریہ ادا کیا ہے۔


