ملیر میں میٹرک امتحانات کے دوران وی آئی پی کمروں کا انکشاف، کھلے عام نقل کا الزام

کراچی(بولونیوز)ملیر میں میٹرک امتحانات کے دوران طلبہ و طالبات کے لیے مبینہ طور پر وی آئی پی کمروں کی سہولت فراہم کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وی آئی پی کمروں میں طلبہ کو موبائل فون استعمال کرنے اور مل کر پرچے حل کرنے کی سہولت دی گئی، جہاں اساتذہ کی مبینہ مدد سے امتحانی پرچے حل کروائے جاتے رہے۔

اطلاعات کے مطابق گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کالا بورڈ اور گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول برف خانہ میں خصوصی کمرے قائم کیے گئے تھے۔ یہ کمرے اسکولوں کے عقبی حصے میں بنائے گئے جہاں کھلے عام نقل جاری رہی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین میٹرک بورڈ اور ناظم امتحانات کے دورے کے باوجود مبینہ بے ضابطگیوں پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ نشاندہی کے باوجود متعلقہ حکام کی جانب سے کارروائی سے گریز کیے جانے پر والدین اور تعلیمی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تاکہ امتحانی نظام کی ساکھ بحال کی جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *