آئی جی سندھ سے سی پی کے وفد کی ملاقات، کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ پر زور
کراچی(بولونیوز)جاوید عالم اوڈھو سے کمیونٹی پولیسنگ کراچی کے سربراہ مراد سوہنی کی قیادت میں وفد نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ملاقات کی۔
ملاقات میں کراچی اور حیدرآباد میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم کی روک تھام، پولیس کارکردگی اور کمیونٹی بیسڈ پولیسنگ کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ مؤثر اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کمیونٹی پولیسنگ انتہائی اہم ہے اور عوامی شمولیت کے بغیر جرائم کے خاتمے کے اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، خصوصاً سی سی ٹی وی کیمروں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز کا استعمال پولیسنگ کے معیار کو بہتر بنانے میں مددگار ہے۔
ملاقات کے دوران مراد سوہنی نے حیدرآباد میں ہائی ٹیک کیمروں کی تنصیب اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے قیام سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ بھی دی۔
آئی جی سندھ نے اس منصوبے کو شہریوں کے تحفظ کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے اسے دیگر شہروں تک وسعت دینے پر زور دیا۔


