فیصلوں کا اختیار فریقین کے پاس، پاکستان محض سہولت کار ہے: پاکستانی سفیر

واشنگٹن(بولونیوز)پاکستان کے امریکا میں سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری تھیں، جن کا اختتام کامیاب جنگ بندی اور مذاکرات کے اعلان پر ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت سفارت کاری اور مکالمے کی فتح ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے بتایا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی سے متعلق پاکستان کے مثبت کردار اور سفارتی کاوشوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی تاریخ میں ہمیشہ مثبت اور تعمیری سفارت کاری کو ترجیح دی ہے۔

رضوان سعید شیخ نے فریقین کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سفارتی عمل کو کامیاب بنانے میں سعودی عرب، ترکیے، مصر، قطر، چین اور دیگر ممالک کے تعاون پر پاکستان شکر گزار ہے۔ ان مشترکہ کاوشوں سے جنگ بندی ممکن ہوئی اور مذاکرات کا راستہ ہموار ہوا۔

انہوں نے کہا کہ چین نے روزِ اول سے فریقین کو تحمل، برداشت اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا، جبکہ پاکستان کی اعلیٰ ترین قیادت نے بھی ان سفارتی کوششوں میں براہ راست کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکراتی عمل کی کامیابی رازداری کی متقاضی ہوتی ہے اور بغیر کسی دباؤ کے مذاکرات کے فیصلہ کن ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

پاکستانی سفیر نے واضح کیا کہ فیصلوں کا اختیار مکمل طور پر متعلقہ فریقین کے پاس ہے، پاکستان محض ایک سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوری دیانتداری اور خلوص کے ساتھ امن کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے خلیجی ممالک کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اور خلیجی ریاستوں میں تقریباً 55 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں۔ سفارتی کاوشوں اور جنگ بندی کے دوران خلیجی اعلیٰ قیادت سے مشاورت بھی جاری رہی۔

آخر میں رضوان سعید شیخ نے امید ظاہر کی کہ یہ عاجزانہ اور مخلصانہ کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہوں گی، اور خطے میں امن و استحکام کا مثبت اثر نہ صرف خلیج بلکہ دنیا بھر کی سیاست اور معیشت پر بھی پڑے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *