سندھ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی بڑی کارروائی، ایس بی سی اے افسران کے خلاف انکوائری کا آغاز

کراچی(بولونیوز)سندھ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اینٹی کرپشن حکام نے ڈسٹرکٹ ایسٹ میں ایس بی سی اے افسران و اہلکاروں کے خلاف موصولہ درخواست پر فوری کارروائی شروع کر دی ہے۔

اینٹی کرپشن حکام نے ڈائریکٹر آصف شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر نجم قریشی، سینیئر بلڈنگ انسپیکٹر شاہد اور دیگر افسران کو تحقیقات کے لیے طلب کر لیا ہے۔ متعلقہ افسران کو 8 اپریل کو صبح 11 بجے پیش ہونے کا حکم جاری کیا گیا ہے اور انہیں تمام متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔

تحقیقات کے دوران افسران کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے اور پلاٹس، مکمل ٹائٹل ڈاکومنٹس، بلڈنگ پلان، این او سیز اور غیر قانونی تعمیرات سے متعلق دیگر دستاویزات بھی اینٹی کرپشن حکام کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اینٹی کرپشن حکام نے واضح کیا ہے کہ عدم پیشی کی صورت میں یکطرفہ کارروائی کی جائے گی، اور تحقیقات کا دائرہ وسیع رکھا گیا ہے تاکہ سرکاری معاملات میں بے ضابطگیوں اور کرپشن کے الزامات کی مکمل چھان بین کی جا سکے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسداللہ کھوکھر کے دستخط سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ کرپشن کے خلاف کارروائیاں تیز اور بلاامتیاز جاری رہیں گی، اور متعلقہ افسران کو سخت ایکشن کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *