اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ 30 روز کے لیے مفت کرنے کا اعلان

اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی حکومت نے عوام کو مہنگائی کے اثرات سے ریلیف دینے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کل سے اسلام آباد میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ آئندہ 30 روز تک مکمل طور پر مفت ہوگی۔

حکومتی اعلان کے مطابق اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، اسپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس میں شہری بغیر کسی کرایہ کے سفر کر سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد بڑھتی ہوئی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے باعث عوام پر پڑنے والے معاشی دباؤ کو کم کرنا ہے۔

وفاقی حکومت نے واضح کیا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ریلوے کے کرایوں میں بھی کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کرنے سے ہونے والا تمام مالی نقصان حکومت خود برداشت کرے گی۔

حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عارضی ریلیف نہیں بلکہ موجودہ معاشی حالات میں عوام کے لیے ایک اہم سہولت ہے، جس سے روزانہ سفر کرنے والے لاکھوں شہری مستفید ہوں گے۔ حکومت نے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی آئے گی اور شہریوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *