طارق روڈ پر شاپنگ مال کے قریب خاتون کارسمیت زمین میں دھنس گئی
کراچی(بولونیوز)کراچی کے مصروف علاقے طارق روڈ پر ایک شاپنگ مال کے قریب اچانک سڑک دھنسنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک کار زمین میں دھنس گئی۔ گاڑی میں ایک خاتون بھی موجود تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کی گئی اور کار میں سوار خاتون کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ خوش قسمتی سے خاتون کسی بڑے جانی نقصان سے محفوظ رہیں۔
پولیس نے بتایا کہ کار کئی فٹ زمین میں دھنس چکی ہے اور گاڑی کا آدھے سے زیادہ حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ مزید کسی ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے متاثرہ مقام کے اطراف میں حفاظتی رکاوٹیں قائم کر دی گئی ہیں اور ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد متعلقہ اداروں کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے تاکہ سڑک کے دھنسنے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے اور مرمتی کام جلد شروع کیا جا سکے۔ پولیس اور دیگر ادارے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔


