ایران جنگ کے بعد پہلی بار فرانسیسی بحری جہاز نے آبنائے ہرمز عبور کر لی
تہران(بولونیوز)ایران پر مسلط امریکی و اسرائیلی جنگ کے بعد پہلی مرتبہ فرانس سے منسلک ایک بحری جہاز نے آبنائے ہرمز کو کامیابی کے ساتھ عبور کر لیا ہے، جسے جنگ کے بعد مغربی یورپی کمپنی سے وابستہ کسی جہاز کی پہلی نمایاں نقل و حرکت قرار دیا جا رہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے بلومبرگ کے مطابق ایک فرانسیسی کنٹینر بردار بحری جہاز، سی ایم اے سی جی ایم کربی، ایرانی ساحل کے ساتھ سفر کرتا ہوا عمان کے قریب سمندر میں داخل ہوا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ معلومات جہازوں کی نگرانی کے ڈیٹا اور اس معاملے سے واقف ذرائع نے فراہم کی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد آبنائے ہرمز پر نگرانی سخت کر دی ہے، جہاں منتخب جہازوں کو محدود گزرنے کی اجازت دی جا رہی ہے، جبکہ دشمن ممالک سے وابستہ بحری جہازوں کو خبردار بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عام حالات میں عالمی تیل اور گیس کی ترسیل کا تقریباً پانچواں حصہ گزرتا ہے۔ تاہم حالیہ تنازع کے بعد اس راستے پر بحری آمد و رفت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے باعث عالمی توانائی کی منڈیوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔


