ڈاکٹر سیدہ شاہدہ رحمانی کی چیئرپرسن فاطمہ مجید سے ملاقات

کراچی(بولونیوز) صدر پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین ونگ کراچی ڈویژن، رکن قومی اسمبلی اور سیکریٹری ویمن پارلیمنٹری، محترمہ ڈاکٹر سیدہ شاہدہ رحمانی نے چیئرپرسن فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ ضلع ملیر، محترمہ فاطمہ مجید سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران چیئرپرسن فاطمہ مجید نے ادارے کو درپیش چیلنجز اور اب تک کیے گئے اصلاحی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے کی ابتدائی مالی حالت اتنی کمزور تھی کہ ملازمین کی تنخواہیں بھی ادا نہیں ہو سکتی تھیں، مگر مؤثر حکمت عملی اور انتظامی بہتری کے ذریعے گزشتہ تین ماہ کی تنخواہیں ادا کی جا چکی ہیں اور ماہی گیروں کی فلاح و بہبود کے اقدامات بھی شروع کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ادارے میں ایک جدید فش مارکیٹ کی تعمیر جاری ہے اور بجلی کے اخراجات میں کمی کے لیے سولر سسٹم نصب کیا گیا ہے، جس سے ماہانہ لاکھوں روپے کی بچت ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ ماہی گیروں کی سہولت اور ادارے کی بہتری کے لیے متعدد منصوبے بھی جاری ہیں۔

ڈاکٹر سیدہ شاہدہ رحمانی نے فاطمہ مجید کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیئرپرسن کا منصب ایک اہم ذمہ داری ہے، اور قلیل مدت میں آپ نے اپنی محنت اور لگن سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اعتماد کو درست ثابت کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آپ کے دور میں ادارہ مثالی ترقی کرے گا اور یہ اقدامات طویل عرصے تک یاد رکھے جائیں گے۔

آخر میں چیئرپرسن فاطمہ مجید نے ڈاکٹر سیدہ شاہدہ رحمانی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر منیجر ایاز علی بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *