وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وفاقی محتسب اعلیٰ نوید کامران بلوچ کی ملاقات

کراچی(بولونیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی محتسب اعلیٰ نوید کامران بلوچ سے ملاقات کی اور انہیں اس اہم عہدے پر تعیناتی پر مبارک باد دی۔

اس موقع پر نوید کامران بلوچ نے اپنے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے نوید کامران بلوچ کو ایک تجربہ کار افسر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا وفاقی محتسب اعلیٰ کا منصب سنبھالنا ایک احسن قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں وفاقی محتسب کے مزید ریجنل اور سب ریجنل دفاتر قائم کیے جائیں تاکہ عوامی شکایات جلد از جلد حل ہوں۔

نوید کامران بلوچ نے بتایا کہ وفاقی محتسب اعلیٰ کا ادارہ 660 مختلف وفاقی اداروں اور ذیلی اداروں کے خلاف عوامی شکایات کے ازالے میں مدد دیتا ہے اور 60 یوم میں شہریوں کو انصاف فراہم کرتا ہے۔ سب سے زیادہ شکایات بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں، ای او بی آئی، پاسپورٹ، نادرا اور دیگر وفاقی اداروں کے ساتھ ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ عوام کو مفت انصاف کی فراہمی میں بہترین رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت وفاقی محتسب اعلیٰ کے پورٹل کو اپنے حکومتی پورٹل کے ساتھ منسلک کرے گی تاکہ عوام کو بہتر آگاہی حاصل ہو۔ اس کے علاوہ وفاقی اداروں کے خلاف شکایات کے سلسلے میں سندھ حکومت ایک فوکل پرسن بھی تعینات کرے گی تاکہ شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *