قومی شناختی کارڈ پر گھر کا پتہ تبدیل کرانے کا طریقہ کار مزید آسان

لاہور(بولونیوز)نادرا نے قومی شناختی کارڈ پر گھر کا پتہ تبدیل کرانے کے حوالے سے شہریوں کے لیے طریقہ کار مزید آسان بنا دیا ہے۔ نادرا کی جانب سے جاری کردہ ایک آگاہی ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ اب کرائے کے گھر میں رہائش پذیر افراد بھی مخصوص دستاویزات فراہم کر کے اپنے شناختی کارڈ پر عارضی یا مستقل پتہ تبدیل کرا سکتے ہیں۔

نادرا کے مطابق عارضی پتہ تبدیل کرانے کے لیے شہری کو کرایہ نامے کی کاپی اور بجلی کے بل کی کاپی جمع کرانا ہوگی۔اگر کوئی شہری کرائے کے گھر کا پتہ اپنے شناختی کارڈ پر مستقل پتے کے طور پر درج کروانا چاہتا ہے تو اسے مذکورہ دستاویزات کے علاوہ مالکِ مکان کا بیانِ حلفی بھی پیش کرنا ہوگا، جس میں مالک مکان اس بات کی تصدیق کرے گا کہ مکان کرائے پر دیا گیا ہے اور اسے اس پتے کو مستقل پتے کے طور پر استعمال کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔

دوسری جانب، اگر مکان شہری کی اپنی ملکیت ہو تو اسے صرف جائیداد کے اصل کاغذات نادرا دفتر میں پیش کرنا ہوں گے۔ نادرا حکام ان دستاویزات کو موقع پر اسکین کر لیتے ہیں اور فوٹو کاپی جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

نادرا کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو پتہ تبدیل کرانے کے عمل میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور دفتری پیچیدگیوں میں کمی لانا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *