سندھ کے محکمہ خوراک میں بڑے پیمانے پر کرپشن، کروڑوں روپے مالیت کی گندم غائب

کراچی(بولونیوز)سندھ کے محکمہ خوراک میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، جس پر 45 افسران کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ ان میں سے 22 افسران کو معطل اور 9 افسران کو نوکری سے برطرف کیا گیا ہے۔

جامشورو کے علاقے بھولاری میں محکمہ خوراک کے گودام سے کروڑوں روپے مالیت کی گندم غائب ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ خردبرد 9 جنوری کو ہوئی، جس میں 64 ہزار 483 بوریاں غائب ہوئیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 64 کروڑ 48 لاکھ 35 ہزار روپے بنتی ہے۔

تحقیقات کے دوران 18 جنوری کو صوبے بھر کے 66 گوداموں میں سے 52 گوداموں کی جانچ کی گئی، جس میں بھولاری گودام سے گندم کی غائب ہونے کی تصدیق ہوئی۔

صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ سندھ حکومت نے عوام کو 84 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ سبسڈی کس مد میں اور کن لوگوں کو دی گئی۔

سندھ میں گندم کی کٹائی شروع ہو چکی ہے اور بعض مقامات پر نئی گندم مارکیٹ میں فروخت کے لیے پہنچ گئی ہے۔ سندھ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ یکم اپریل سے گندم کی خریداری کی جائے گی اور کچھ علاقوں میں غائب ہونے والی گندم کی جگہ من پسند کاشتکاروں سے سرکاری نرخوں پر گندم خریدی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *