سانحہ گل پلازہ، بیسمنٹ میں دوبارہ بھڑکنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا

کراچی(بولونیوز)شہرِ قائد کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع معروف شاپنگ سینٹر گل پلازہ کی بیسمنٹ میں دوبارہ بھڑکنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بیسمنٹ کے ایک حصے میں گزشتہ روز دوبارہ آگ بھڑک اٹھی تھی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کر لیا گیا۔

صدر گل پلازہ تنویر پاستان نے بتایا کہ آگ کے متاثرہ مقام تک پہنچنے کے لیے بلڈنگ کا ایک حصہ توڑنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث پلازہ کے باہر نصب نیٹ اور جالیاں اکھڑ گئی تھیں، جس کے بعد نشے کے عادی افراد کاپر وائر چوری کرنے کے لیے اندر داخل ہوئے۔

تنویر پاستان کے مطابق ممکنہ طور پر کاپر وائر سے پلاسٹک جلانے کے باعث آگ لگی۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ 17 جنوری 2026 کو کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں آگ تین روز تک بھڑکتی رہی اور اس المناک سانحے میں 70 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *