بے قابو بیانات اور لاپرواہ دھمکیوں کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، ایرانی صدر
تہران(بولونیوز)ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دشمنوں کی دھمکیوں پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بے قابو بیانات اور لاپرواہ دھمکیوں کا فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمنوں کی ایسی دھمکیاں ایران کو کمزور کرنے کے بجائے قوم کو مزید مضبوط اور متحد بناتی ہیں۔
ایرانی صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایران کو نقشے سے مٹانے جیسی دھمکیاں دراصل امریکا کی مایوسی اور ناکامی کا اظہار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی قوم دباؤ، دھمکیوں اور جارحانہ بیانات کے آگے کبھی نہیں جھکے گی۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی خودمختاری، قومی وقار اور مفادات کے دفاع کے لیے ہر سطح پر تیار ہے، اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب وقت اور حالات کے مطابق دیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ دشمن قوتیں یہ حقیقت سمجھ لیں کہ ایران کے خلاف دھمکی آمیز زبان مسئلے کا حل نہیں بلکہ خطے میں عدم استحکام کو مزید بڑھانے کا سبب بنے گی۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور باہمی یکجہتی پہلے سے زیادہ ضروری ہے، اور پوری ایرانی قوم ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے ایک صف میں کھڑی ہے۔


