پاک فضائیہ کے عظیم ہیرو ایم ایم عالم کی 13 ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے
اسلام آباد(بولونیوز)ایم ایم عالم کی آج 13 ویں برسی ہے، جو 18 مارچ 2013 کو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ قوم آج اپنے اس جری سپوت کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے جنہوں نے 1965 کی پاک-بھارت جنگ 1965 میں ایک ناقابلِ یقین کارنامہ سرانجام دیا۔
جنگ ستمبر 1965 کے دوران سرگودھا کے محاذ پر ایم ایم عالم نے دشمن کے 5 بھارتی ہنٹر طیارے صرف 60 سیکنڈ میں مار گرائے، جن میں سے 4 طیارے صرف 30 سیکنڈ کے اندر تباہ کیے گئے۔ یہ کارنامہ آج بھی عالمی جنگی ہوابازی کی تاریخ میں ایک منفرد ریکارڈ کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔
اس تاریخی مشن کے دوران وہ ایف 86 سیبر طیارہ اڑا رہے تھے۔ مجموعی طور پر انہوں نے جنگ کے دوران 11 دشمن طیاروں کو نشانہ بنایا، جن میں سے 9 مکمل تباہ اور 2 کو جزوی نقصان پہنچا۔ ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں ان کے طیارے پر 11 بھارتی پرچم نمایاں کیے گئے۔
ایم ایم عالم کی جرات اور وطن سے محبت نے انہیں ناممکن کو ممکن بنانے والا سپاہی بنا دیا۔ ان کی بہادری کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں ستارۂ جرأت سے نوازا۔
ایم ایم عالم کو پی اے ایف بیس مسرور، ماڑی پور کے شہداء قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ آج ان کی برسی کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں انہیں ایک عظیم قومی ہیرو کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔


