سپر ہائی وے پر ٹریفک حادثہ، نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے خاتون جاں بحق
کراچی(بولونیوز)کراچی میں سپر ہائی وے پر چاکر ہوٹل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔ پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، تاہم ٹکر مارنے والی گاڑی موقع سے فرار ہو گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش ایمبولینس کے ذریعے گڈاپ روڈ پر واقع ایک نجی اسپتال منتقل کی گئی، جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کی۔ بعد ازاں لاش قانونی کارروائی کے لیے سائٹ سپر ہائی وے تھانہ منتقل کی گئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 55 سالہ سردارا بی بی زوجہ حاجی مٹھل کے نام سے ہوئی ہے، جو نئی سبزی منڈی کے عقب کی رہائشی تھیں۔ ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ نامعلوم گاڑی کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔


