سانحہ گل پلازا، ڈپٹی کمشنر جنوبی کا جوڈیشل کمیشن میں تحریری جواب جمع

کراچی(بولونیوز)سانحہ گل پلازا کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن میں ڈپٹی کمشنر جنوبی کراچی نے اپنا تحریری جواب جمع کرا دیا۔

جواب میں ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کو گل پلازا میں آگ لگنے کی اطلاع رات تقریباً 10 بج کر 27 منٹ پر ایمرجنسی کنٹرول روم اور وائرلیس کوآرڈینیشن سسٹم کے ذریعے موصول ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا اور اسسٹنٹ کمشنر گارڈن ڈویژن کا بنیادی کردار انتظامیہ کو فوری طور پر متحرک کرنا تھا، جبکہ وہ خود 10 بج کر 31 منٹ پر جائے وقوعہ پہنچ گئے اور مختلف اداروں کے درمیان تعاون کو یقینی بنانے کے لیے موقع پر موجود رہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق موقع پر پہنچتے ہی ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کیا گیا اور ایک ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر قائم کیا گیا تاکہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رہے اور متاثرین کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

جواب میں یہ بھی بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر آفس نے فائر بریگیڈ، کے ایم سی اور ریسکیو 1122 کے ساتھ قریبی روابط رکھے، جبکہ پولیس اور ٹریفک پولیس نے اپنی علیحدہ انتظامیہ کے تحت امن و امان برقرار رکھنے، ٹریفک کی روانی اور ریسکیو ایریا کی حفاظت یقینی بنائی۔

جواب میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ نے تمام اداروں کے درمیان رابطے مؤثر بنائے اور ضروری انتظامی و لاجسٹک سہولیات فراہم کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *