اقوامِ متحدہ نے ایران میں پرائمری اسکول پر حملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا
جنیوا(بولونیوز)اقوامِ متحدہ کے ایک تحقیقاتی ادارے نے ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے پہلے روز پرائمری اسکول پر ہونے والے حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
جنیوا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کے رکن میکس ڈو پلیسس نے کہا کہ تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق اسکول پر دو میزائل حملے یکے بعد دیگرے کیے گئے، جن میں 170 سے زائد اساتذہ و طالبات شہید ہو گئی ہیں۔
امریکی فوجی تفتیش کاروں نے کہا کہ ممکنہ طور پر یہ حملہ امریکی افواج کی جانب سے کیا گیا، تاہم ابھی کوئی حتمی نتیجہ نہیں نکالا گیا اور تحقیقات جاری ہیں۔ پینٹاگون نے اس معاملے کی چھان بین کو مزید وسعت دی ہے۔
میکس ڈو پلیسس نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے بتائی گئی ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کے قابل شواہد ملے ہیں اور یہ واضح ہے کہ معصوم شہریوں کی ہلاکت کے اس نوعیت کے واقعے میں مکمل اور آزادانہ تحقیقات انتہائی ضروری ہیں۔ اگر اس حملے کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوتی ہے تو یہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی کارروائیوں کے دوران سب سے بدترین شہری جانی نقصان میں شمار ہو سکتا ہے۔


