ہیوی ٹریفک کی بے لگامی،انسانی جانوں کا ضیاع کے سنگین ریکارڈ قائم
کراچی (بولونیوز)شہر میں ہیوی ٹریفک کی بے لگامی نے انسانی جانوں کے ضیاع کے سنگین ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔ ریسکیو حکام کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 75 دنوں کے دوران ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے 75 شہری جاں بحق ہوئے، یعنی اوسطاً روزانہ ایک شہری سڑک حادثے کا شکار ہوا۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ماضی میں بدنام ڈمپرز کے مقابلے میں اب ٹریلرز سب سے زیادہ خطرناک ثابت ہو رہے ہیں۔ سالِ نو کے آغاز سے اب تک ٹریلرز کی زد میں آ کر 36 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ واٹر ٹینکرز 20 اموات کے ساتھ دوسرے بڑے قاتل بن کر سامنے آئے، جس پر عوامی غم و غصہ شدید ہوا اور مشتعل افراد نے دو مختلف مقامات پر ٹینکرز کو نذرِ آتش بھی کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق 2026 میں اب تک مجموعی طور پر مختلف ٹریفک حادثات میں 223 افراد جاں بحق اور 2 ہزار 250 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں 30 خواتین اور 32 بچے بھی شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈمپرز سے ہونے والی اموات کی شرح کم ہو کر صرف 3 فیصد رہ گئی ہے، تاہم ٹریلرز اور واٹر ٹینکرز کی کھلی چھوٹ نے شہر کی شاہراہوں کو شہریوں کے لیے نہایت خطرناک بنا دیا ہے، جو انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔


