برٹش پاکستانی خاتون بائیکر کا لندن سے لاہور تک تاریخی سفر شروع
امریکہ(بولونیوز)برٹش پاکستانی خاتون بائیکرگل افشاں طارق نےلندن سےلاہورتک موٹرسائیکل پرتاریخی سفرکاآغازکردیا۔گل افشاں طارق مانچسٹر میں اپنے شوہر اور تین سالہ بیٹی کے ساتھ مقیم ہیں اور وہ لندن سے لاہور تک موٹر سائیکل پر پہنچنے والی پہلی پاکستانی خاتون بننے کے لیے پُرعزم ہیں۔
24 سالہ بائیکر نے اپنا سفر فرانس، سوئٹزرلینڈ، اٹلی، یونان اور ترکی کے راستے شروع کیا ہے، تاہم مشرقِ وسطیٰ میں کشیدہ صورت حال کے باعث ایران کا راستہ ترک کر کے جارجیا سے لاہور پہنچیں گی۔
گل افشاں کا کہنا ہے کہ یہ سفر خواتین کے حقوق اور پُرعزم خواتین کے لیے پیغام دینے کے لیے ہے کہ وہ اپنے مقاصد حاصل کر سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بائیکنگ کمیونٹی مضبوط ہے اور خواتین کے لیے یہ سفر ایک مشعلِ راہ ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ اپنے والد کے عالمی سفر سے حاصل شدہ تحریک نے انہیں یہ تاریخی اقدام کرنے کی ہمت دی ہے۔


