پاکستان اور آئی ایم ایف اسٹاف لیول معاہدے تک پہنچنے میں ناکام
اسلام آباد(بولونیوز) پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان جاری مذاکرات کے تازہ ترین دور میں اسٹاف لیول معاہدے تک پہنچنے میں کامیابی نہیں ملی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تاہم ایکسٹنڈڈ فنڈز فیسیلیٹی (EFF) قرض پروگرام کے تحت اسٹاف لیول معاہدہ مکمل نہ ہو سکا۔ مذاکرات 25 فروری سے 11 مارچ تک ورچوئل پلیٹ فارم پر جاری رہے، جبکہ خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث مزید مذاکرات کے دور بھی آئندہ کیے جائیں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اہداف کے حوالے سے بہتر کارکردگی دکھائی، اور آئی ایم ایف کا 28 ماہ کا آرایس پروگرام بھی حاصل کر رکھا ہے۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ خطے کی کشیدگی پاکستان کی معیشت پر اثر ڈال رہی ہے اور پروگرام کے اہداف پر اثر انداز ہو رہی ہے، تاہم دونوں فریقین کے درمیان اقتصادی مذاکرات جاری رہیں گے۔
آئی ایم ایف وفد کی قیادت ایوا پیٹرووا نے کی، اور مذاکرات کراچی اور اسلام آباد میں ہوئے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ پروگرام پر عمل درآمد مجموعی طور پر وعدوں کے مطابق رہا، اور پاکستان کے مالیاتی خسارے کو کم کرنے اور پبلک فنانس مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔
مزید کہا گیا کہ مہنگائی کو قابو میں رکھنے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی برقرار رکھنے پر زور دیا گیا، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور کارکردگی بہتر بنانے، سماجی تحفظ، صحت اور تعلیم کے اخراجات میں اضافے، اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اصلاحاتی اقدامات پر بھی مذاکرات ہوئے۔
اعلامیے میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور عالمی سطح پر توانائی کی بڑھتی قیمتوں سے پاکستان کی معیشت پر اثرات مرتب ہو رہے ہیں، اور آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان مذاکرات آئندہ چند دنوں میں جاری رہیں گے۔


