پاکستان میں پیٹرول ختم ہونے کی افواہیں بے بنیاد، اوگرا نے وضاحت جاری کر دی
کراچی(بولونیوز) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی دستیابی کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے وافر ذخائر موجود ہیں اور شہریوں کو افواہوں پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں۔ اوگرا کے ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ صرف سرکاری ذرائع کی جاری کردہ معلومات پر بھروسہ کریں۔
اوگرا کے ترجمان نے مزید کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ کے دوران ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں اور پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اپنے سابقہ پیٹرن کے مطابق جاری رکھیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں کسی بھی طرح کے تیل کی کمی یا سپلائی میں رکاوٹ کے خدشات حقیقت پر مبنی نہیں ہیں اور حکومت و اوگرا اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ عوام کو بلا تعطل پیٹرول اور ڈیزل فراہم کیے جائیں۔
اوگرا نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا اور افواہوں کی بنیاد پر پریشانی نہ پھیلائیں اور ہر قسم کی معلومات سرکاری اعلانات یا اوگرا کی ویب سائٹ سے ہی حاصل کریں۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب ملک میں بعض حلقوں نے پیٹرول کے ختم ہونے یا قلت کے حوالے سے افواہیں پھیلانا شروع کی تھیں، جس پر اوگرا نے فوری وضاحت کر کے عوام کی فکرمندی کو دور کیا۔


