جناح میڈیکل سہیل ٹرسٹ میں غفلت، ڈھائی سالہ بچی جاں بحق
کراچی(بولونیوز)کورنگی میں واقع فلاحی اسپتال جناح میڈیکل سہیل ٹرسٹ میں مبینہ غفلت کے باعث ڈھائی سالہ بچی جان کی بازی ہار گئی۔ والدہ کے مطابق بچی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی میں داخل کرتے ہوئے مہنگی ادویات فراہم کرنے کا کہا گیا۔
والدہ کا کہنا تھا کہ بچی کو فوری آئی سی یو میں منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی، لیکن اسپتال انتظامیہ نے مزید علاج کے لیے تین ہزار روپے کی شرط عائد کر دی۔ والدہ کے مطابق اسپتال میں موجود ڈاکٹر اور عملے کے سامنے وہ اپنے ہاتھ جوڑ کر بچی کی جان بچانے کی کوشش کرتی رہیں، مگر کسی نے مدد نہ کی۔
والدہ نے بتایا کہ اسپتال نے کہا کہ اگر رقم جمع نہ ہوئی تو علاج نہیں ہوگا۔ اس دوران والدہ کے پاس صرف 1800 روپے تھے اور شوہر رقم لے کر پہنچنے والے تھے، لیکن اس کے باوجود بچی علاج کے دوران تڑپتی رہی اور بالآخر جاں بحق ہو گئی۔
اس واقعے نے اسپتال انتظامیہ کی بے حسی اور انتہائی غفلت کو منظر عام پر لا دیا ہے اور شہری حلقوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔
یہ معاملہ تحقیقات اور قانونی کارروائی کا تقاضا کرتا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات روکے جا سکیں اور مریضوں کو بروقت اور مناسب طبی امداد فراہم کی جا سکے۔


