کراچی سائٹ ایریا کی فیکٹری میں آتشزدگی، شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب
کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)صنعتی علاقے شیرشاہ سائٹ ایریا میں فیکٹری میں آگ لگ گئی۔اطلاع ملنے پر شہر بھر سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں طلب کر لی گئی ہیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں۔فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا گیا ہے اور آگ بجھانے کےلیےفائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں روانہ کر دی گئی ہیں۔
فائر آفیسر نے بتایا کہ شہر بھر کے فائر ٹینڈرز اور اسناکل طلب کر لئے گئے ہیں۔آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے پولیس کو فوری جائے وقوعہ پہنچنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ فیکٹری اور اطراف کے علاقوں کو محفوظ بنایا جائے۔فائربریگیڈ اور ریسکیو عملےکی بروقت رسائی کےلئے راستہ کلیئر رکھنےکی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق فیکٹری میں کپڑا ڈائی کرنے کا کیمیکل موجود ہے اور اس وقت فائر بریگیڈ کی 8 سے زائد گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے شیرشاہ سائٹ ایریا فیکٹری میں آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب اور ہنگامی اقدامات کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
ان کا کہنا ہے کہ صوبے بھر کی فیکٹریوں میں ہر قسم کے کیمیکلز کا آڈٹ کیا جائے خطرناک کیمیکلز کے ذخیرے اور استعمال کا ریکارڈ مرتب کیا جائے، صنعتی یونٹس میں کیمیکل سیفٹی پروٹوکول پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ فیکٹریوں میں فائر سیفٹی اور کیمیکل اسٹوریج کا فوری معائنہ کیا جائے اور آڈٹ رپورٹ فوری وزیراعلیٰ آفس کو پیش کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام اور مزدوروں کی جانوں سے کھیلنےکی اجازت نہیں دی جائے گی۔


