جامعہ کراچی اور سویرا کے درمیان یوتھ ویلنیس پروگرام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
کراچی(بولونیوز)جامعہ کراچی اور سویرا کے درمیان “یوتھ ویلنیس پروگرام” کے نفاذ اور فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب جمعرات کو وائس چانسلر سیکریٹریٹ، جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔
یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور سویرا کی صدر ڈاکٹر یاسمین خان نے دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت دونوں ادارے نوجوانوں کی ذہنی و جذباتی صحت، ہنرمندی کی تربیت اور شعور بیداری کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔ سویرا کی صدر ڈاکٹر یاسمین خان نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں میں 500 سے زائد طلبہ کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے اور نئی مفاہمتی یادداشت کے تحت یہ تعاون مزید جاری رہے گا۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ معاشرے میں ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار افراد کی بروقت نشاندہی اور رہنمائی فراہم کرنا ایک بڑی سماجی خدمت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سویرا تکنیکی معاونت فراہم کرے گا اور ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی پھیلانے کے لیے مزید رضاکار تیار کرے گا۔
تقریب میں جامعہ کراچی کی مشیر امور طلبہ ڈاکٹر نوشین رضا، اسٹوڈنٹ ایڈوائزری بورڈ کے اراکین ڈاکٹر سلمان زبیر، ڈاکٹر ثروت افشاں، ڈاکٹر سید عاصم علی اور دیگر بھی موجود تھے۔


