گھوڑوں اور اونٹوں کی ریس بھی شامل، چار روزہ میلہ سجائے جانے کا اعلان
کراچی(بولونیوز)سندھ حکومت کی جانب سے آئندہ ماہ مارچ میں تھر جیپ ریلی کے انعقاد کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں، جس میں موٹر ایسوسی ایشن کے ساتھ اہم اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سیکریٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر نے کی، جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق، موٹر ایسوسی ایشن کے سید ظہیر حیسن شاہ، ریحان قریشی، ڈی ایس او واش دیو مالہی اور سیکشن افسر علی ڈنو گوپانگ نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں تھر جیپ ریس، موٹر بائیک ریس کے علاوہ گھوڑوں اور اونٹوں کی ریس، اور میوزیکل ایونٹس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ منور علی مہیسر نے بتایا کہ اس بار ریلی کے ساتھ مقامی ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ علاقہ میں سیاحت کو فروغ ملے اور مقامی معیشت مستحکم ہو۔
تھر جیپ ریلی 26، 27، 28 اور 29 مارچ 2026 کو چار روزہ میلے کی شکل میں جاری رہے گی:
26 مارچ: گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹیکنیکل انسپیکشن
27 مارچ: پروڈکشن اور پروفیشنل کلاس کی کوالیفائنگ ریس
28 مارچ: پروڈکشن کلاس کی ریس
29 مارچ: پروفیشنل کلاس کی ریس اور اختتامی تقریب
سیکریٹری کھیل نے کہا کہ سندھ حکومت نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے بڑے ایونٹس جاری رکھے گی۔ تقریب میں وزیر کھیل محمد بخش مہر مہمان خصوصی ہوں گے، جبکہ مکیش کمارچاولہ، سید ذوالفقار شاہ، نادر مگسی اور دیگر بھی شریک ہوں گے۔


