چچا کے ساتھ جوس لینے جانے والی بچی آئل ٹینکر کا شکار بن گئی
کراچی(بولونیوز)شہرِ قائد کے علاقے کورنگی کراسنگ پر تیز رفتار آئل ٹینکر نے موٹر سائیکل کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں 3 سالہ بچی موقع پر جاں بحق جبکہ اس کا ایک سالہ بھائی اور چچا شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کورنگی اللہ والا ٹاؤن کی رہائشی 3 سالہ سائرہ اپنے 18 سالہ چچا راج محمد اور ایک سالہ بھائی سبحان کے ساتھ موٹر سائیکل پر جوس خریدنے جا رہی تھی۔
کورنگی کراسنگ کے قریب تیز رفتار آئل ٹینکر نے موٹر سائیکل کو زوردار ٹکر ماری، جس سے سائرہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جبکہ راج محمد اور معصوم سبحان زخمی ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والی بچی کا خاندان محنت مزدوری کی غرض سے کراچی میں مقیم ہے اور ان کا آبائی تعلق گلگت بلتستان سے ہے۔ اسپتال میں قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد بچی کی میت غمزدہ لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے۔


