چند گھنٹوں میں ٹریفک حادثات میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے

کراچی(بولونیوز) شہر میں ہیوی گاڑیوں اور ڈمپرز کی وجہ سے ٹریفک حادثات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ چند گھنٹوں کے دوران مختلف واقعات میں چھ افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوا۔

ذرائع کے مطابق سپر ہائی وے، گلشن حدید، سہراب گوٹھ، کورنگی اور احسن آباد کے مختلف مقامات پر پیش آنے والے حادثات میں ڈمپرز اور تیز رفتار گاڑیوں نے کئی افراد کی جانیں لے لیں۔

سپر ہائی وے پنجاب بس اڈے کے قریب ایک ڈمپر نے دو موٹر سائیکل سوار نوجوانوں، 30 سالہ کامران اور 20 سالہ امان اللہ کو روند کر جان سے محروم کر دیا۔ گلشن حدید زیتون ریسٹورنٹ کے قریب ایک ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار کر شدید زخمی کیا، جس کی بعد میں اسپتال میں موت واقع ہوئی۔

پیر کی صبح سپر ہائی وے بقائی پل چشتیہ ہوٹل کے قریب ایک نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل سوار 42 سالہ رمیز اختر حسین کو ٹکر مار کر جاں بحق کر دیا۔ رمیز اختر گلشن معمار کے رہائشی اور ملیر کینٹ میں نجی بینک کے منیجر تھے۔

کورنگی ویٹا چورنگی اٹک پمپ کے قریب ایک بزرگ خاتون 70 سالہ عائشہ زوجہ سرفرار نامی خاتون نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئی، جبکہ سپر ہائی وے احسن آباد پیٹرول پمپ کے قریب ایک شدید زخمی بزرگ شہری نے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا۔

تمام واقعات میں ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے، تاہم پولیس سی سی ٹی وی فوٹیجز اور عینی شاہدین کے بیانات کی بنیاد پر فرار ڈرائیوروں کا تعاقب کر رہی ہے۔

ریسکیو اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثات کی بڑھتی تعداد شہریوں کے لیے سنگین خطرہ ہے اور ڈرائیونگ کے دوران احتیاطی اقدامات کے فوری طور پر نفاذ کی ضرورت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *