وزیراعلیٰ سندھ کا اعلان: گل پلازہ کے ہر دکاندار کو فوری مالی امداد اور متبادل دکانیں فراہم کی جائیں گی
کراچی(بولونیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گل پلازہ سانحے کے متاثرہ ہر دکاندار کو گذر بسر کے لیے فوری طور پر 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق کے سی سی آئی کے ذریعے ہر دکاندار کو اپنے نقصان شدہ سامان کا معاوضہ بھی فراہم کیا جائے گا، اور دو ماہ کے اندر تمام دکانداروں کو متبادل جگہ پر دکانیں دی جائیں گی۔ مزید برآں متاثرہ دکانداروں کو ایک کروڑ روپے کا بلاسود قرضہ بھی دیا جائے گا۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ گل پلازہ کی عمارت کو گرانا ضروری ہے، اور جتنی دکانیں تھیں اتنی ہی دوبارہ تعمیر کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ دکانیں دو سال کے اندر دوبارہ مکمل طور پر تعمیر کر دی جائیں۔
یہ اقدامات سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کی زندگی میں استحکام اور کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کے لیے کیے جا رہے ہیں۔


