گل پلازہ آتشزدگی، چوتھے روز بھی ریسکیو آپریشن جاری، جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہو گئی

کراچی(بولونیوز)مصروف تجارتی مرکزگل پلازہ میں پیش آنےوالے المناک آتشزدگی کے واقعے پر چوتھے روز بھی ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام کے مطابق آگ ہفتے کی رات تقریباً 10 بجے لگی تھی، جس کے نتیجے میں اب تک 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے 28 افراد میں سے 11 کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ 17 افراد کی شناخت کا عمل تاحال جاری ہے۔ واقعے کے بعد سے 85 افراد لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔

میئر کراچی نے دعویٰ کیا ہے کہ مجموعی طور پر 70 فیصد ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ آج سے عمارت کے مخدوش حصوں میں باقاعدہ سرچ آپریشن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ گل پلازہ کے ساتھ واقع رمیپا پلازہ کے بعض حصوں میں بھی آج سرچنگ کی جائے گی۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق تمام اوپن ایریاز میں سرچ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، جہاں سے کوئی لاش برآمد نہیں ہوئی۔ فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ کولنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور دھواں بھی ختم ہو گیا ہے، جس کے بعد مزید مخدوش حصوں تک رسائی ممکن بنائی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن انتہائی احتیاط کے ساتھ جاری ہے تاکہ کسی مزید نقصان سے بچا جا سکے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *