جناح اسپتال سے سرکاری ادویات چوری کرنے والا گروہ پکڑا گیا
کراچی(بولونیوز)جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جناح اسپتال) سے ہر ماہ لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری ادویات چوری کرنے والے گروہ کا انکشاف ہوا ہے، جس میں ملوث دو افراد کو ادویات سے بھری گاڑی سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار کیے گئے دونوں افراد جناح اسپتال کے سرکاری ملازم ہیں، جنہیں سیکیورٹی گارڈز نے کارروائی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا اور اسپتال کی سیکیورٹی چوکی میں بند کر دیا۔ سیکیورٹی عملے نے سرکاری ادویات سے بھری ہائی ایس گاڑی بھی اپنی تحویل میں لے لی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملازمین کی شناخت شعیب اور خاور کے نام سے ہوئی ہے، جن میں سے ایک گائنی وارڈ جبکہ دوسرا ایمرجنسی شعبے میں خدمات انجام دے رہا تھا۔ دونوں سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔
اسپتال انتظامیہ نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ادویات چوری کی تحقیقات کے لیے فوری طور پر پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی 24 گھنٹوں کے اندر اپنی رپورٹ اسپتال انتظامیہ کو پیش کرے گی، جس کی بنیاد پر مقامی تھانے میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق سرکاری ادویات کی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


