اسلام آباد اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.8 ریکارڈ، شہری خوفزدہ
اسلام آباد(بولونیوز)راولپنڈی، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں پیر کی دوپہر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.8 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز کشمیر کے شمال مغربی حصے میں تھا اور گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر تھی۔ ہنزہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہری گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے اور خوف و ہراس پھیل گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے اور محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت کی ہے۔


