گل پلازہ آتشزدگی، صدر تاجر ایسوسی ایشن تنویر قاسم آبدیدہ، کئی افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ

کراچی(بولونیوز)ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی خوفناک آگ کے باعث صدر گل پلازہ تاجر ایسوسی ایشن تنویر قاسم دنیا نیوز سے گفتگو کے دوران آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ آگ کے نتیجے میں عمارت کے اندر اب بھی کئی افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے جبکہ تاجر برادری کے کم از کم 12 افراد سے تاحال کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔

دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تنویر قاسم نے کہا کہ آگ لگنے سے اربوں روپے کا مالی نقصان ہو چکا ہے، تاہم ہمیں مال و دولت کی کوئی پرواہ نہیں، اصل صدمہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا ہے۔ انہوں نے رنجیدہ لہجے میں سوال کیا کہ جانی نقصان کا ازالہ کون کرے گا؟ یہ کہتے ہوئے وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔

واضح رہے کہ کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگی آگ پر تاحال مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ اب تک 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جا چکی ہے جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہیں اور متعدد افراد کے عمارت کے اندر پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *