فیکٹری سے گھر جاتی خواتین پر فائرنگ، پانچ بچوں کی ماں جاں بحق، ایک زخمی

کراچی(بولونیوز)شہر قائد کے علاقے قائد آباد کی مانسہرہ کالونی میں نامعلوم مسلح شخص کی فائرنگ سے فیکٹری میں کام کرنے والی 35 سالہ خاتون جاں بحق جبکہ ایک اور خاتون زخمی ہو گئی۔ جاں بحق ہونے والی خاتون پانچ بچوں کی ماں اور محنت کش تھی۔

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب فیکٹری میں چھٹی کے بعد دو خواتین گھر جانے کے لیے نکلیں۔ اسی دوران موٹرسائیکل پر سوار ایک مسلح شخص نے ان کا تعاقب کیا اور موقع ملتے ہی فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اسما نامی خاتون موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئی جبکہ 22 سالہ شمائلہ زخمی ہو گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو رضاکاروں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ جاں بحق اور زخمی خواتین کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔

پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم جائے وقوعہ اور اطراف سے فوری طور پر کوئی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل نہیں ہو سکی۔ عینی شاہدین کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزم فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت اسما فیکٹری سے نکل کر گھر کی جانب جا رہی تھی اور حملہ آور نے تعاقب کے بعد فائرنگ کی۔ زخمی ہونے والی خاتون شمائلہ کو ٹارگٹ نہیں کیا گیا تھا بلکہ وہ ساتھ ہونے کی وجہ سے فائرنگ کی زد میں آ گئی۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب مقتولہ اسما کے شوہر ہارون نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پیشے کے اعتبار سے مکینک ہیں جبکہ ان کی اہلیہ اسما فیکٹری میں ملازمت کرتی تھی اور گھر کی کفالت میں ان کا ہاتھ بٹاتی تھی۔

ہارون نے کہا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں اور انہیں نہیں معلوم کہ ان کی اہلیہ کو کس نے قتل کیا۔ ان کے مطابق انہیں فون کال کے ذریعے واقعے کی اطلاع ملی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی شادی کو بیس سال ہو چکے تھے اور ان کے پانچ بچے ہیں، دونوں میاں بیوی محنت مزدوری کر کے گھر چلاتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *