شاہ لطیف پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ، دو ملزمان گرفتار

کراچی(بولونیوز)ملیر میں رات گئے شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے میں پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کے مطابق دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی بغیر مزاحمت کے پکڑا گیا۔

گرفتار زخمی ملزم کی شناخت عبدالرحمن جبکہ بلاضرب گرفتار ملزم کی شناخت شکیل احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان علاقے میں کٹر، پانا اور پلاس کی مدد سے گھروں کے تالے اور گرل کاٹ کر ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

ملزمان کے قبضے سے ایک عدد غیر قانونی 30 بور پستول بمعہ راؤنڈ، ایک کٹر، ایک پانا، ایک پلاس، موبائل فونز، نقد رقم اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔

زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی موٹرسائیکل کا ریکارڈ اے وی ایل سی سے چیک کیا جا رہا ہے جبکہ گرفتار ملزمان کا کرمنل ریکارڈ مختلف تھانوں سے حاصل کیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم سے برآمد ہونے والا اسلحہ فرانزک تجزیے کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔ ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت قانونی کارروائی جاری ہے اور مزید تفتیش عمل میں لائی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *