اورنگی ٹاؤن میں مبینہ ڈاکو کو زندہ جلانے کے واقعے پر کارروائی سے متعلق درخواست کی سماعت

کراچی(بولونیوز)اورنگی ٹاؤن میں مبینہ ڈاکوکوکھمبےسے باندھ کر زندہ جلانے کے واقعے کے خلاف کارروائی سے متعلق درخواست کی سماعت میں ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔ رپورٹ کے مطابق واقعے کا مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت گل محمد کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے جبکہ چار ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ شہر میں بڑھتے ہوئے ایسے واقعات روکنے کے لیے عوام میں آگاہی پیدا کرنا ناگزیر ہے۔ وکیل سندھ حکومت نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے یقین دہانی کروائی ہے کہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات رونما نہیں ہوں گے، جبکہ عوام میں آگاہی کے لیے لاء اینڈ جسٹس سسٹم کے تحت خصوصی مہم بھی چلائی جائے گی۔ حکومتی وکیل کے مطابق واقعے کی مکمل غیرجانبدارانہ تحقیقات جاری ہیں اور ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ مقتول کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے اور پولیس ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائے۔ درخواست گزار کے وکیل نے پیش کی گئی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا جس کے بعد عدالت نے درخواست نمٹا دی۔

درخواست گزار شاہد حسین ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ یکم دسمبر 2025 کو اورنگی ٹاؤن میں ایک غیر انسانی واقعہ رونما ہوا جہاں نامعلوم افراد نے 35 سالہ عبدالحنان کو مبینہ ڈاکو قرار دے کر کھمبے سے باندھ کر آگ لگا دی تھی۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ پولیس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن لینے سے قاصر رہی اور مقدمہ درج کرنے سے بھی انکار کیا گیا، حتیٰ کہ ایس ایچ او نے دھمکی دی کہ اگر درخواست گزار نے زور دیا تو اسے بھی زندہ جلا دیا جائے گا۔درخواست گزار نے آئی جی سندھ و دیگر حکام کو طلب کرکے واقعے کی تفصیلات طلب کرنے کی استدعا کی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *