کراچی بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں التوا، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے ملاقات

کراچی(بولونیوز)کراچی بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے التواء کے معاملے پر کراچی بار کے وفد نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت سے ملاقات کی، جس میں صدر سندھ ہائی کورٹ حسیب جمالی بھی موجود تھے۔

صدر کراچی بار عامر وڑائچ کے مطابق وفد نے چیف جسٹس سے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کی درخواست کی، جس پر چیف جسٹس نے یقین دہانی کروائی کہ ایڈمن کمیٹی کا اجلاس طلب کرکے چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کیا جائے گا۔

صدر کراچی بار کے مطابق چیف جسٹس نے الیکشن میں ہوائی فائرنگ پر تحفظات کا اظہار کیا، جس پر وفد نے یقین دہانی کروائی کہ ہوائی فائرنگ نہیں ہوگی۔ ہوائی فائرنگ کی صورت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سندھ بار کونسل کارروائی کریں گے۔

سیکریٹری کراچی بار کے مطابق موجودہ بار کی مدت 31 دسمبر تک ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ جمہوری تسلسل برقرار رہے اور انتخابات ہو سکیں۔ ملاقات میں ضابطہ اخلاق اور امیدواروں کی جانب سے غیر متعلقہ افراد کی شمولیت نہ ہونے کی ضمانت پر بھی گفتگو ہوئی۔

چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے بعد امیدواروں کی مشاورت سے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *