وفاقی کابینہ کا اجلاس: اہم قانون سازی اور ویزا کلیئرنس نظام کی منظوری
اسلام آباد(بولونیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ نے نیشنل یونیورسٹی فار سیکیورٹی سائنسز اسلام آباد 2025 سے متعلق بل کی تنسیخ کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے قومی اسمبلی میں پرائیویٹ ممبرز بلز اور دیگر قانون سازی کے لیے مؤثر مشاورت کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے مقصد سے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری دے دی۔
وزارتِ داخلہ کی سفارش پر کابینہ نے ویزہ کلیئرنس نظام کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد بیرونِ ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے ویزہ حصول کے عمل کو شفاف، محفوظ اور آسان بنانا ہے۔
مزید برآں، وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 20 اکتوبر 2025، 5 نومبر 2025 اور 21 نومبر 2025 کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی۔


