بلدیہ عظمیٰ کراچی میں کیو آر کوڈ سے مزین محفوظ ڈیجیٹل مراسلت کا آغاز 22 دسمبر سے
کراچی(بولونیوز)بلدیاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) نے کیو آر کوڈ پر مبنی محفوظ ڈیجیٹل مراسلت کے نظام کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ نیا نظام 22 دسمبر 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت کے ایم سی کی جانب سے جاری کیے جانے والے تمام سرکاری خطوط، نوٹسز اور مراسلات پر ایک منفرد کیو آر کوڈ درج ہوگا، جس کی تصدیق کوئی بھی فرد یا ادارہ کسی بھی مقام سے کر سکے گا۔
میئر نے کہا کہ یہ اقدام سرکاری دستاویزات کی شفافیت، مستند حیثیت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔ کیو آر کوڈ پر مبنی مراسلت کا نظام سرکاری لین دین کو محفوظ بنانے، عوامی اعتماد بحال کرنے اور بلدیاتی دستاویزات کے غلط استعمال و جعلی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کے ایم سی جدید، شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی طرز حکمرانی کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے اور یہ ڈیجیٹل نظام وقت کی اہم ضرورت تھا۔


