نیو کراچی سیکٹر 11-J میں 25 گلیوں کی پیور بلاک تنصیب مکمل، ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری

کراچی(بولونیوز)نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف نے سیکٹر 11-J میں 25 گلیوں میں پیور بلاکس لگانے کا کام مکمل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کا یہ سفر ابھی ختم نہیں ہوا۔ آئندہ مرحلے میں گلیوں میں اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی تاکہ علاقے کی روشنی اور تحفظ کو بہتر بنایا جا سکے۔

چیئرمین محمد یوسف نے بتایا کہ علاقے میں پانی اور سیوریج کے متعدد منصوبے بھی مکمل کیے جا چکے ہیں اور محدود وسائل کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے۔ اس موقع پر یوسی چیئرمین 11 غضنفر علی خان، وائس چیئرمین عمران شفیق، ٹاؤن اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین عمران فقیر اور عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

محمد یوسف نے کہا کہ جماعتِ اسلامی ایک بااختیار اور وسائل سے آراستہ بلدیاتی نظام کی حامی ہے، کیونکہ اسی کے ذریعے کراچی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہری ہر سطح پر ٹیکس ادا کر رہے ہیں لیکن بنیادی سہولیات میسر نہیں۔ شہر میں پانی کے شدید بحران کے باوجود کئی علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہے۔

چیئرمین نے دعویٰ کیا کہ کم وسائل کے باوجود نیو کراچی ٹاؤن میں مثالی ترقیاتی کام کیے گئے ہیں اور کراچی کے دیگر ٹاؤنز کے مقابلے میں یہاں سب سے زیادہ ترقیاتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت سے اپیل کی کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو بلدیاتی نمائندوں کے ماتحت کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

محمد یوسف نے بتایا کہ گزشتہ ڈھائی برسوں میں نیو کراچی ٹاؤن میں 9 کروڑ روپے خرچ کر کے 20 ہزار سے زائد گھروں تک صاف پانی پہنچایا گیا اور ٹینکر مافیا کو شکست دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیوریج لائنوں کی تنصیب، کچرا اٹھانے اور دیگر بلدیاتی خدمات کے لیے ذاتی سطح پر بھی بھرپور کوششیں کی گئی ہیں۔

آخر میں چیئرمین محمد یوسف نے سیکٹر 11-J کے عوام سے کہا کہ یہ تمام ترقیاتی کام عوام کے ٹیکس کے پیسے سے کیے گئے ہیں، لہٰذا ان کی حفاظت کرنا شہریوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نوجوانوں اور عوام کی تفریح و صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سیکٹر 11-J میں جلد ایک جدید اور معیاری پارک کی تعمیر کا آغاز کیا جائے گا۔

تقریب کے اختتام پر علاقہ مکینوں نے ترقیاتی کاموں کو سراہتے ہوئے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *