جعلی شناختی کارڈ بنوانے کے الزام میں مبینہ افغان شہری کے خلاف درخواست مسترد

کراچی(بولونیوز) جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے میں ملوث مبینہ افغان شہری کے خلاف کارروائی کی درخواست عدالت نے ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔

کورنگی کے رہائشی نعمت اللہ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے، اس لیے یہ درخواست قابلِ سماعت نہیں بنتی۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ افغان شہری محمد جعلی طریقے سے پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے میں ملوث ہے اور اس نے اپنے والد کے دو مختلف ناموں کے ذریعے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کر رکھا ہے۔ درخواست میں مزید الزام عائد کیا گیا کہ مذکورہ افغان شہری نے جعل سازی کے ذریعے متعدد شہریوں کی زمینوں پر قبضہ بھی کر رکھا ہے۔

نعمت اللہ نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے اس معاملے پر ایف آئی اے اور نادرا کو تحریری درخواستیں دیں، تاہم متعلقہ ادارے مبینہ غیر ملکی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہے۔ درخواست گزار کے مطابق موجودہ حالات میں مذکورہ افغان شہری ملک کے لیے سیکیورٹی تھریٹ بن سکتا ہے، لہٰذا ایف آئی اے اور دیگر اداروں کو اس کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔

تاہم عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *