ایم کیو ایم کا شہری مسائل کے حل کے لیے ’کراچی بچاؤ مہم‘ شروع کرنے کا اعلان
کراچی(بولونیوز)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان(ایم کیو ایم) نے شہر کے مسائل کے حل کے لیے ’’کراچی بچاؤ مہم‘‘ کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان کے مطابق کراچی بچاؤ مہم کے حوالے سے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں، سماجی تنظیموں، اسٹیک ہولڈرز سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے رابطوں اور مشاورت کا آغاز کیا جائے گا۔
مہم میں مضبوط مقامی حکومت، کراچی اسٹریٹیجک ڈیولپمنٹ پلان 2020 پر عملدرآمد، بھاری ای چالان کا خاتمہ اور کھلے مین ہولز، ڈمپر حادثات، جرائم کی روک تھام اور بدترین گورننس اہم نکات ہوں گے۔
ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ کراچی چیمبر آف کامرس، تاجر برادری، وکلا تنظیموں، ڈاکٹروں، انجینئرز، ماہرینِ شہری منصوبہ بندی اور دیگر پیشہ ور طبقات سے مشاورت کی جائے گی، جس کا مقصد ایک جامع اور مشترکہ حکمتِ عملی تشکیل دینا ہے جبکہ آئندہ دنوں میں مختلف جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔
ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ کراچی قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی جبکہ ملک کا استحکام کراچی کے استحکام سے وابستہ ہے، ملک کو بچانا ہے تو پہلے کراچی کو بچانا ضروری ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ مہم کے حوالے سے رابطوں میں جعلی ڈومیسائل کے اجرا اور کراچی کے نوجوانوں کو محدود کیے جانے والے ملازمت کے مواقع سمیت وسیع تر مسائل کے حل کے لیے بات کی جائے گی۔
ایم کیو ایم ہر اُس جماعت سے بات کرے گی جو کراچی کا درد رکھتی ہے اور ہر اُس سماجی تنظیم سے مشاورت کرے گی جو شہر کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی ہے۔
ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ بدترین شہری انتظامیہ اور صوبائی حکومت کی مسلسل عدم دلچسپی نے حالات کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے جہاں شہریوں کا روزمرہ معمول بھی بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔
کراچی جیسے میگا سٹی کے مسائل مشترکہ لائحہ عمل کے متقاضی ہیں،کراچی کے شہریوں کے حقوق، وسائل کی منصفانہ تقسیم، شہری ڈھانچے کی بحالی اور امن و امان کی بہتری کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو تقسیم کی سیاست چھوڑ کر متحد ہونا ہوگا، ایم کیو ایم ہر فورم پر کراچی کے عوام کی آواز بنے گی اور اتفاقِ رائے پر مبنی ایک جامع منصوبہ سامنے لانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔


