انسدادِ بدعنوانی کے عالمی دن پر وزیراعلیٰ سندھ کا پیغام

کراچی(بولونیوز) انسدادِ بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے خصوصی پیغام میں بدعنوانی کو معاشرتی تباہی کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن ایک ایسی وبا ہے جو قوموں کو ان کی اصل صلاحیتوں سے محروم کر دیتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن ہمیں عالمی سطح پر بدعنوانی کے خلاف کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کی یاد دہانی کراتا ہے۔ کرپشن کے خاتمے کے لیے شفاف طرزِ حکمرانی اور سخت احتسابی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی واضح ہدایات کے مطابق سندھ حکومت اس ناسور کے خلاف ’زیرو ٹالرینس‘ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے E&ACE کو فعال بنا کر سرکاری محکموں میں رشوت ستانی، ناجائز اثاثہ جات کی منتقلی اور دیگر بدعنوان طریقہ کار کے خلاف مؤثر کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ عوامی سہولت کے لیے آن لائن کمپلینٹ رجسٹریشن سسٹم بھی موجود ہے جس کے ذریعے شکایات کا شفاف اندراج اور مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سندھ میں سب رجسٹرار دفاتر میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے ای رجسٹریشن سسٹم نافذ کیا گیا، جس کے نتیجے میں کرپشن میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔ فروری 2025ء میں ان دفاتر کے خلاف ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے جامع انکوائری کے بعد 4 سب رجسٹرار سمیت 7 افسران کو بدعنوانی ثابت ہونے پر ملازمت سے برطرف کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہتر گورننس کے لیے EPAD سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جس سے سرکاری محکموں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور عوام کا اعتماد بحال ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بدعنوانی کے خاتمے کے قومی عزم میں حکومت کا ساتھ دیں۔
“آئیں ہم سب مل کر کرپشن کے خلاف متحد ہوں اور پاکستان سے اس ناسور کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کریں۔”

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *