چالان کے بعد دل کا دورہ، موٹر سائیکل سوار جاں بحق
لاہور(بولونیوز) ایک افسوسناک واقعے میں موٹر سائیکل سوار مبینہ طور پر 2 ہزار روپے کا چالان دیکھ کر دل کا دورہ پڑنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ واقعے نے عوام میں شدید غم و غصے کے ساتھ ساتھ قانون پر عمل درآمد کرتے ہوئے ہمدردی کے پہلو کو نظرانداز کرنے پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق متوفی مزدور پیشہ شخص کی روزانہ کی دیہاڑی تقریباً 800 روپے تھی۔ چالان کے وقت اس نے پولیس اہلکار سے شکوہ کرتے ہوئے کہا:
“جناب میری دن بھر کی دیہاڑی 800 روپے ہے، آپ نے ایک لمحے میں 2000 روپے کا چالان کر دیا… اب بچوں کے لیے کیا لے جاؤں گا؟”
یہ الفاظ ادا کرنے کے فوراً بعد اسے شدید تکلیف ہوئی اور وہ گر کر بے ہوش ہوگیا۔ اسپتال منتقل کرنے سے قبل ہی وہ دم توڑ چکا تھا۔
مقامی شہریوں نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون اپنی جگہ ضروری ہے لیکن چالان کرتے وقت شہریوں کی معاشی حالت، ہمدردی اور اخلاقی ذمہ داریوں کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق سخت جرمانے غریب شہریوں کی زندگیوں پر براہِ راست اثر ڈالتے ہیں۔
عوامی حلقوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے چالان کے نظام میں بہتری، جرمانوں میں نرمی اور عوام دوست پالیسیوں کو فروغ دیا جائے تاکہ قانون کے ساتھ ساتھ انسانیت کا تقاضا بھی پورا ہو سکے۔


