خاتون اوّل آصفہ بھٹو کے خلاف سوشل میڈیا پر نازیبا زبان استعمال کرنے پر 5 مقدمات درج
کراچی(بولونیوز)خاتون اوّل آصفہ بھٹو زرداری کے خلاف سوشل میڈیا پر نازیبا الفاظ کے استعمال پر 5 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ یہ مقدمات گھوٹکی اے سیکشن، پنو عاقل، میرپور ماتھیلو اور اوباڑو تھانوں میں درج کیے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق نامزد ملزم اعظم چاچڑ سرکاری ملازم اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ہے، جس نے خاتون اوّل کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی۔
واضح رہے کہ 24 مئی 2025 کو جامشورو ٹول پلازہ کے قریب خاتون اوّل کی گاڑی پر پتھراؤ اور لاٹھیاں برسانے والے قوم پرست کارکنان کے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے تھے۔ اس دوران احتجاج کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
کراچی سے نواب شاہ جاتے ہوئے آصفہ بھٹو کی گاڑی ایم-9 پر روکی گئی تھی، اور بینظیر گیٹ کے سامنے کینال معاملے پر احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی کی گئی تھی۔ جامشورو پولیس نے اس سلسلے میں 16 نامزد اور 60 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، جو ہنگامہ آرائی، سڑک بلاک کرنے اور سرکاری کاروائی میں مداخلت کے الزامات پر مبنی تھا۔ پولیس نے ہنگامہ آرائی کرنے والوں کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔


