جیٹ فیول کی قیمت میں مزید اضافہ، فضائی آپریشن شدید متاثر
اسلام آباد(بولونیوز) ملک میں طیاروں کے جیٹ فیول کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ جیٹ فیول کی قیمت میں 83 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 471 روپے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق یکم مارچ سے اب تک جیٹ فیول کی قیمت میں مجموعی طور پر 283 روپے فی لیٹر اضافہ ہو چکا ہے۔ یکم مارچ کو جیٹ فیول کی قیمت 188 روپے فی لیٹر تھی، جو چند ہی ہفتوں میں کئی گنا بڑھ گئی ہے۔
مارچ کے مہینے میں اب تک چوتھی بار طیاروں کے جیٹ فیول کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کے باعث ایئرلائنز کے لیے فضائی آپریشن جاری رکھنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ فضائی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے اخراجات میں بے تحاشا اضافہ ہو رہا ہے۔
جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد فضائی کرایوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے مسافروں پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اگر قیمتوں میں یہی رجحان برقرار رہا تو اندرون و بیرونِ ملک پروازیں مزید مہنگی ہو سکتی ہیں۔


