گلستان سوسائٹی قائدآباد میں خستہ حال پیڈسٹرین برج، کسی بھی وقت حادثے کا خدشہ
کراچی(بولونیوز)گلستان سوسائٹی قائدآباد مین روڈ پرواقع پیدل چلنے والوں کے لیے بنایا گیا پیڈسٹرین برج اپنی مقررہ عمر پوری کرنے کے بعد شدید خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے، جس کے باعث کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
مقامی شہریوں کے مطابق برج پر جگہ جگہ دراڑیں پڑ چکی ہیں، لوہے کے ڈھانچے میں زنگ لگ چکا ہے جبکہ حفاظتی جنگلے بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ روزانہ درجنوں شہری، طلبہ اور بزرگ اس پل کو استعمال کرتے ہیں، جو کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا سبب بن سکتا ہے۔
شہریوں نے میئر کراچی اور متعلقہ بلدیاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس خستہ حال پیڈسٹرین برج کا فوری نوٹس لیا جائے اور یا تو اسے ازسرِنو تعمیر کیا جائے یا کم از کم پائیدار بنیادوں پر اس کی فوری مرمت کروائی جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بڑے حادثے کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔


