بھینس کالونی میں جعلی میڈیا کارڈ کے ذریعے بھتہ خوری کا انکشاف، ملزم پکڑا گیا

کراچی(بولونیوز)بھینس کالونی اور کورنگی میں جعلی میڈیا نمائندہ بن کر لوگوں کو ہراساں کرنے اور بھتہ طلب کرنے کا ایک واقعہ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سائیکل پنکچر کا کام کرنے والا جان اکبر عرف لنگڑا شیطان مبینہ طور پر خود کو معتبر ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کا نمائندہ ظاہر کر کے جعلی میڈیا کارڈ استعمال کر رہا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ملزم کو کورنگی فیملی ماڈل پارک میں جعلی میڈیا کارڈ دکھا کر مفت جھولے استعمال کرنے اور کھانا حاصل کرنے کے بعد پارک انتظامیہ سے مبینہ طور پر بھتہ طلب کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ پارک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملزم نے دھمکی دی کہ اگر رقم نہ دی گئی تو جھوٹی خبریں چلا کر بدنام کیا جائے گا۔

انتظامیہ نے جب میڈیا کارڈ کی تصدیق کی تو معلوم ہوا کہ کارڈ جعلی ہے، جس پر فوری طور پر مقامی تھانے کو اطلاع دی گئی۔ پولیس کے پہنچنے پر ملزم نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی مانگی اور آئندہ ایسی سرگرمیوں سے باز رہنے کی یقین دہانی کرائی۔

پارک انتظامیہ کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ابتدائی طور پر ملزم کو چھوڑ دیا گیا، تاہم انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ بھتہ طلب کرنے اور بلیک میلنگ کے الزامات پر قانونی کارروائی کے لیے مقدمہ درج کرایا جائے گا۔

واقعے کے بعد شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جعلی میڈیا کارڈز کے ذریعے بلیک میلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ صحافت جیسے معزز پیشے کو بدنام کرنے والوں کا سدباب کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *