چین ایران اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کو ہنگامی انسانی امداد فراہم کرے گا
چین(بولونیوز) امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے نتیجے میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری مسلح تنازع کے دوران ایران، اردن، لبنان اور عراق کو ہنگامی انسانی امداد فراہم کرے گا۔
چین کے وزیرِ خارجہ کے ترجمان لِن جیان نے بیجنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاری تنازعے نے خطے کے عوام، بشمول ایران، پر شدید انسانی بحران مسلط کیا ہے اور چین متعلقہ ممالک کے عوام کے ساتھ گہری ہمدردی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امداد فراہم کرنے کا مقصد عوام کو درپیش مشکلات کم کرنا اور انسانی بحران کے اثرات کم کرنا ہے۔
گزشتہ ہفتے چین کی ریڈ کراس سوسائٹی نے ایرانی ریڈ کریسنٹ کو 2 لاکھ ڈالرز کی ہنگامی امداد فراہم کی، تاکہ 28 فروری کو ایران کے شہر مناب میں پرائمری اسکول پر امریکی و اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہونے والی 170 سے زائد طالبات کے لواحقین کے غم کو کم کیا جا سکے۔
لِن جیان نے مزید کہا کہ چین خطے میں امن و استحکام کے قیام اور انسانی بحران کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔


